یو این آئی
ڈھاکہ//بنگلہ دیش میں تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف گارمنٹس کمپنی کے ملازمین کے احتجاج کے دوران ایک خاتون گولی لگنے سے چل بسیں، جن کے خاوند نے پولیس کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔ 23 سالہ سلائی مشین کی کاریگر انجورا خاتون کے شوہر محمد جمال نے بتایا کہ پولیس نے فائرنگ شروع کی، ان کے سر میں گولی لگی، وہ کار میں ہسپتال جاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔محمد جمال نے بتایا کہ پولیس نے تقریباً 400 مزدروں پر فائرنگ شروع کر دی، جو دارالحکومت ڈھاکہ کے باہر انڈسٹریل سٹی غازی پورمیں تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کررہے تھے ، مزید کہا کہ 6 سے 7 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے ۔ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال میں لاش کو منتقل کیا گیا، وہاں تعینات پولیس انسپکٹر بچو میاں نے موت کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔پولیس نے بتایا کہ غازی پور میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے ، جہاں پر 4 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا، اور اجرت کے فیصلے کو مسترد کیا۔