رحیم رہبر
خالدہ ایک طوطا پالتی تھی ،جو اسکو بہت پیارا تھا ۔ اُس نے اس کے لئے ایک خوبصورت پنجرہ بنوایا تھا جو وہ ہمیشہ اپنے بیڈ روم میں رکھتی تھی ۔ خالدہ طوطے کو اپنی ہر خوشی و غم میں شریک رکھتی تھی ۔ طوطے کو خوش کرنے کے لئے وہ اُس کے ساتھ باتیں کرتی تھی اور اُسے کو لذیز کھانا کھلاتی تھی ۔ اُس نے طوطے کے آرام کے لئے پنجرے میں ہر ایک چیز دستیاب رکھی تھی۔ لیکن طوطا پھر بھی اکثر مایوس رہتا تھا۔ طوطے کی مایوسی خالدہ کو پریشان کرتی تھی ۔ وہ پنجرے کے قریب جا جا کر طوطے کے۔ ساتھ یون مخاطب ہوتی تھی ۔
’’ میرے ہمد م میرے دوست — میرے جگر — – تم تو میرے دل کا سکون ہو۔۔۔۔ تم میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہو۔۔۔ تم میرے جیون ساتھی ہو ۔۔۔۔میرے یار! تم مجھے اعتبار دیدو۔ میں تجھے اضطراب دوں گی ۔۔۔ تم مجھے تعبیر دیدو ۔۔۔ میں تجھے خواب دوں گی ۔‘‘
طوطا یہ سب کچھ سننے کے باوجود بھی خاموش رہتا تھا۔ خالدہ کو طوطے کی پُر اسرار خاموشی پریشان کرتی تھی ۔ وہ پنجرے کو پہلے ہلا کر طوطےسے فریاد کرتی تھی۔
میرے یار! کچھ تو بول ۔۔۔مجھ سے خفا کیوں ہو؟
میں ٹوٹ کر بکھر چکی ہوں …. خدارا مجھ پر ترس کھا۔تمہارا میٹھا بول میرے زخموں پر مرہم کا کام کرتا ہے۔ لیکن طوطا پھر بھی کچھ نہیں بولتا تھا۔
وہ سر جھکا کر آنکھیں موند لیتا تھا۔ خالدہ پنجرے کو زور سے ہلا دیتی تھی ۔ وہ بے چارہ پنجرے کے فرش کو اپنے پنجوں سے کھر چتا تھااور چُپ سادھ لیتا۔
دھیرے دھیرے طوطے نے کھانا پینا بھی چھوڑ دیا۔اُس کی کربناک حالت نے خالدہ کو انتہائی رنجیدہ کیا۔
ایک دن خالدہ پنجرے کی کھڑکی کو بند کرنا بھول گئی۔ طوطہ موقع غنیمت جان کر آہستہ آہستہ پنجرے سے باہر آگیا اور کھلے آسمان میں اُڑان بھر لی ۔ طوطا دیکھتے ہی دیکھتے کھلے آکاش میں پرواز کرنے لگا۔
کچھ دیر بعد خالدہ اپنے بیڈ روم میں آگئی ۔پنجرے کو خالی دیکھ کر خالد سینہ پیٹنے لگی۔
اُس نے اُسے ڈھونڈتے ڈھونڈتے جب کھڑکی سے سر باہر نکالا تو طوطے کو آکاش میں محو پرواز دیکھ کر فریاد کرنے لگی۔
’’میر ے یارا ۔۔۔۔! مجھے اکیلا چھوڑ کر کہاں چلے گئے؟ یہ اونچائی تجھے ڈس لے گی۔
میرا ہمسفر یاسربھی بلندیوں میں پرواز کرنا چاہتا تھا ۔ ایک دن اُس نے بھی آسمان پر اُڑان بھر لی ۔ ۔۔۔۔ لیکن آسمان کی بلندیوں نے میرے یا سر کو نگل ڈالا۔۔۔۔!
میری کہانی آج بھی اپنے آغاز اور اپنے انجام کو ڈھونڈتی ہے ۔۔۔ ورنہ میری کو کھ بانجھ نہیں تھی ۔
���
آزادی کالونی پیٹھ کانہامہ ماگام،موبائل نمبر؛9906534724