ظفر اقبال
سرینگر//اوڑی میں ایک افسوسناک حادثے میں 22 سالہ طالب علم کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔حکام کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب مذکورہ نوجوان ٹین کی چادریں لے جا رہا تھا، جو اچانک 11 ہزار وولٹ کی ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں اسے شدید برقی جھٹکا لگا۔متوفی کو فوری طور پر بونیار کے پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد اشفاق قریشی ولد محمد حنیف قریشی ساکن پرن پیلین اوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر جمعرات کو جب اس کی لاش کو گھر کی طرف لایا جارہا تھا تومقامی لوگوں نے چندن واڑی کے مقام پر اوڑی بارہمولہ قومی شاہراہ محکمہ بجلی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے اور کافی دیر تک گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی۔ ان کا کا کہنا تھا کہ نوجوان کی موت محکمہ بجلی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی ہے کیونکہ ان کے علاقے میں بجلی تار اور کھمبے بوسیدہ ہوچکے ہیں جن کی مرمت نہیں کی جاتی ہے اور ترسیلی لائنیں بہت نیچے لٹکت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے بار بار محکمہ کو آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے‘‘۔بعد میں تحصیلدار اوڑی، ایس ایچ او اوڑی ، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی موقع پر پہنچے اور لوگوں کو مسئلہ حل کرنے کایقین دلایا۔