عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام جاری انٹر اسکول کھیلوں کے مقابلوں کے تسلسل میں سبحان سٹیڈیم سوپور میں زون سوپور کی جانب سے انڈر 14 اور انڈر 17 لڑکیوں کے لیے ایک انٹر اسکول شطرنج مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔انڈر 14 اور انڈر 17 لڑکوں کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد، اس2 روزہ لڑکوں اور لڑکیوں کے شطرنج کے مقابلے میں تعلیمی زون سوپور کے مختلف تعلیمی اداروں کی نمائندگی کرنے والے تقریبا 105 طلبا نے پرجوش شرکت کی۔اس تقریب نے علاقے کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں انڈور کھیلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور ٹیلنٹ کو اجاگر کیا۔مقابلہ شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوا، فاتح اور رنرز اپ شرکا کو ان کی کارکردگی اور کھیلوں کی مہارت کے اعتراف میں ٹرافیوں سے نوازا گیا۔