عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق نے واضح کیا کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ، صنعت و تجارت، کان کنی اور محنت و روزگار جیسے اہم محکمے ہی جموں و کشمیر کی معاشی خودمختاری، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور روزگار کے فروغ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔اسمبلی میں گرانٹس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میکڈمائزیشن کے کاموں کے لئے کام کے سیزن سے قبل ہی پیشگی انتظامی منظوری اور اختیارات جاری کئے جائیں تاکہ منصوبے بلا تعطل اور مؤثر انداز میں مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے SKIMSکے باہر فلائی اوور کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا مریضوں اور ایمرجنسی سروسز کی بلا رکاوٹ آمد و رفت کے لئے ناگزیر ہے، خصوصاً نوشہرہ-صورہ روڈ، حول ایم کے چوک، اور سعدہ کدل تا عشائی باغ روڈ جیسے مقامات پرتوجہ مرکوز کرنے انتہائی ضروری ہے۔ ہنر مندی اور دستکاری کے شعبے کے مسائل اُجاگر کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ ہزاروں کاریگر گرتی ہوئی طلب، مہنگائی اور نظامی چیلنجز کے باعث مالی بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ یا ریلیف اقدامات، سود کی معافی اور نئے مالی پیکجز کی فراہمی پر زور دیا تاکہ اس شعبے کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے۔ جے کے سیمنٹس کے پنشنرز کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے صادق نے کہا کہ ادارے کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے کئی سابق ملازمین آج مناسب سماجی اور طبی تحفظ سے محروم ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود فوری توجہ کی متقاضی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روزگار کے مواقع میں اضافہ اور مزدوروں کی فلاح کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز کو وسعت دینا، غیر رسمی شعبے سے وابستہ کارکنوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنا، اور ڈل جھیل سے وابستہ کاریگروں، شکارہ مالکان اور مزدوروں کے لئے مالی معاونت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔