عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// میرین کمانڈوز نے پیر کو سرینگر میں گنڈبل کے مقام پر دریائے جہلم میں تلاشی مہم شروع کی۔ اتوار کو یہاں دریا کے کنارے سے مشتبہ انسانی باقیات کی برآمدگی ہوئی تھی۔یہ تعیناتی اس وقت ہوئی جب مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ خصوصی میرین فورسز کو اپریل 2024 کے کشتی سانحے سے منسلک ، ایک شخص کی لاش کا سراغ لگانے اور اسے بازیافت کرنے کے لیے کام میں لگایا جائے۔ مقامی لوگوں نے حکام پر زور دیا تھا کہ وہ پانی کے اندر مکمل تلاش کریں ۔عہدیداروں نے بتایا کہ مارکوس ٹیم دن کے اوائل میں موقع پر پہنچی اور فوری طور پر سوئیہ ٹینگ علاقے میں گنڈبل کے قریب ندی کے کنارے میں ایک مربوط تلاشی آپریشن شروع کیا۔نئے سرے سے تلاش دریائے جہلم کے کنارے سے مشتبہ انسانی باقیات کی دریافت کے بعد کی گئی ہے، جس سے مقامی لوگوں میں نئی امید پیدا ہوئی ہے کہ کشتی الٹنے کے بعد سے لاپتہ شوکت احمد شیخ کی لاش بالآخر برآمد ہو سکتی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ بازیابی کے بعد سے ہی میرین کمانڈوز کی شمولیت کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک تفصیلی آپریشن کے لیے خصوصی غوطہ خوروں کی موجودگی بہت ضروری ہے۔حکام نے کہا کہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق تلاش جاری رہے گی اور تمام نتائج کو فرانزک تصدیق سے مشروط کیا جائے گا۔گنڈبل میں اپریل 2024 کے واقعے میں اسکول کے بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔