جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر سے تعلق رکھنے والے سابق ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر ٹیکو نے ڈاکٹر درخشاں اندرابی، چیئرپرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ سے ان کی رہائش گاہ جموں میں ایک اہم ملاقات کی۔ یہ ملاقات حال ہی میں ضلع پونچھ کے لئے وقف بورڈ میں بطور ایگزیکٹو آفیسر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عمل میں آئی، جسے علاقے کی ترقی کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران وقف بورڈ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں خاص طور پر ضلع پونچھ میں وقف املاک کے بہتر انتظام و انصرام، ان کی حفاظت، شفافیت کو یقینی بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے جیسے معاملات شامل رہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن نے زور دیا کہ وقف املاک کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔انجینئر واجد بشیر ٹیکو نے اس موقع پر ضلع پونچھ میں درپیش مسائل، انتظامی چیلنجز اور عوامی ضروریات سے چیئرپرسن کو آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دیں گے اور وقف بورڈ کی پالیسیوں کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ملاقات کے دوران تعلیمی، سماجی اور مذہبی اداروں کی بہتری کے لیے بھی منصوبہ بندی پر گفتگو کی گئی، تاکہ مقامی آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ چیئرپرسن نے کہا کہ وقف بورڈ کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہے اور اس سلسلے میں ضلع پونچھ میں مزید مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل قریب میں وقف بورڈ کے ذریعے عوامی فلاح و ترقی کے مزید منصوبے عمل میں لائے جائیں گے۔