عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ایک ہفتے کی عبوری ضمانت ملنے کے بعد جیل میں بند لوک سبھا رکن انجینئر رشید جمعرات کو اپنے بیمار والد سے ملنے یہاں پہنچے۔حکام نے بتایا کہ انجینئر رشید جمعرات کی سہ پہر سرینگر ہوائی اڈے پر پہنچے اور اپنے بیمار والد کی عیادت کے لیے سیدھے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال پہنچے۔ جونہی وہ اپنے بیمار والد سے گلے ملے تو اشکبار ہوئے اور کچھ سکینڈ تک وہ اسی حالت میں رہے۔اسکے بعد وہ والد کے بیڈ کے سرہانے کچھ وقت تک بیٹھ گئے۔دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو انہیں ایک ہفتے کی عبوری ضمانت دے دی تاکہ وہ اپنے بیمار والد سے ملاقات کر سکیں۔جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور مدھو جین کی بنچ نے تاہم واضح کیا کہ اس مدت کے دوران وہ یا تو اس ہسپتال کا دورہ کر سکتا ہے جہاں ان کے والد کا علاج کیا جا رہا ہے یا وہ گھر پر ہی رہ سکتے ہیں۔بنچ نے مزید حکم دیا کہ کم از کم دو پولیس اہلکار ہر وقت سادہ لباس میں ان کے ساتھ ہوں۔