جموں //ہر سال کی طرح امسال بھی بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے مرکزی عیدگاہ جموں وزارت روڈ پر یک روزہ سیرت النبی ؐ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں شیعہ و سنی علماء و سکالروں نے سیرت نبوی ؐ پر روشنی ڈالی ۔ یہ کانفرنس تین نشستوں پر مشتمل تھی جس کا اہتمام انجمن اصلاح المسلمین جموں کی طرف سے کیاگیاتھا ۔پہلی نشست کی صدارت مولانا رحمت اللہ میر قاسمی مہتمم دارلعلوم رحیمیہ نے کی جبکہ اس نشست میں اہم خطاب شیعہ سکالر ڈاکٹر محمد احمد برنی کا تھا جنہوںنے سیرت النبی ؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ رسول اکرم ؐ بغیر کسی مدرسے میں تعلیم حاصل کئے سارے علوم پر قدرت رکھتے تھے اور آپ ؐکو خداکی طرف سے ایسا علم عطا کیاگیا کہ جس کو پھیلاکر عرب کی تاریک راہوں کو روشن کیاگیا۔ انہوں نے اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور کا تقاضہ ہے کہ ایسی کانفرنسیںمنعقد ہوں جہاں سے امن و اتحاد کا پیغام جائے ۔ اپنے خطاب میں مولانا رحمت اللہ میر قاسمی نے کہاکہ ہم مغربی اثرات کاشکار ہوکر دین سے دوری اختیار کرتے جارہے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نہ صرف خود سیرت نبوی ؐ پر عمل پیرا ہوں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں ۔انہوں نے کہاکہ یہ سوچنے کی بات ہے کہ ہم نے آج تک کتنے لوگوں کو رسول اکرم ؐ کی شخصیت کے بارے میں روشناس کروایا ۔اس موقعہ پر سابق اسمبلی اسپیکر کویندر گپتا، ممبراسمبلی نگروٹہ دیوندر سنگھ رانا، ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا اور ڈوگرہ صدر سبھا صدر ٹھاکر گلچین سنگھ چاڑک کے علاوہ دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں ۔ دوسری نشست میں اہم خطاب پونچھ کے مولانا شہزاد انور ی نے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پیغمبر اسلام ؐ نے پوری انسانی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی لائی ۔انہوںنے کہاکہ اسلامی و قرآنی اقدار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے اور اسی سے موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کیاجاسکتاہے ۔ کانفرنس کی آخری نشست کا اہم خطاب سوامی لکشمی شنکر اچاریہ نے کیا جنہوں نے کہاکہ پیغمبر اسلام ؐ کے دنیا میں قدم رکھنے کے بعد تہذیبی ارتقا ہوا۔انہوںنے کہاکہ وقت کی ضرور ت ہے کہ مسلمان رسول اکرم ؐاور قرآنی تعلیمات پر عمل کریں ۔اس دوران مولانا لعل دین حامدی نے انسانی تہذیب، عرب سماج کی حالت اور اسلام کی بدولت مثبت تبدیلی پر خطاب کیا ۔ پروگرام کی ہر ایک نشست کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔ آخر پر انجمن اصلا ح المسلمین کے صدر عبدالمجید نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض ایڈووکیٹ حسین احمد صدیقی نے انجام دیئے ۔