سرینگر//انتظامیہ نے کہا ہے کہ منشیات کا استعمال خطر ناک حد تک پہنچ گئی ہے اور کشمیر میں پنجاب جیسی صورتحال ہے۔ صوبائی کمشنر کشمیر ، پے کے پولے نے ہفتہ کواولڈزیرو برج میں مسلم وقف بورڈ اور محکمہ ایکسائز کے مشترکہ اہتمام سے منشیات کے استعمال سے متعلق آگاہی پروگرام کی تقریب پر وادی میں نوجوانوں کی طرف سے منشیات کے استعمال اورسنجیدہ افراد اور خاص طور پر بھنگ و پوست کی کاشت کے خطرناک رجحان سے کسانوں کو آگاہی میں دانشوروں کوتعاون دینے پر زور دیا۔پروگرام میں چیف ایگزیکٹو افسروقف بورڈ ، سیکریٹری وقف بورڈ ، ڈپٹی کمشنر ایکسائز کے علاوہ ، درگاہ حضرتبال ، نقشبند صاحب ، جامع مسجد منور آباد ، سید یعقوب صاحب سونہ وار ، مسجد زیرو برج ، آستان عالیہ شیخ نور الدین نورانی ؒچرار شریف کے ائمہ و خطباءعلاوہ مختلف اضلاع کے مبلغین اور محکمہ ایکسائزو مسلم وقف بورڈ کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ صوبائی کمشنر نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبوں کے ذریعہ یہ پیغام پھیلائیں کہ بھنگ اور پوست کی کاشت کرنا مذہب مخالف ہے اور یہ معاشرے پر بھی دیرپا منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کو بطور نشہ استعمال کرنے سے ہماری آنے والی نسل کو ایک بہت بڑا خطرہ لاحق ہے کیوں کہ کشمیر میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبائی کمشنرنے کہا ” کچھ ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جن سے یہ پتہ چلا ہے کہ سرحد پار سے کچھ مفادپسند بھی کوکین ، ہیروئن اور دیگر منشیات کی فراہمی کو مختلف غیر قانونی ذرائع سے کشمیر میں سمگل کرکے پھیلانے میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی ہر قسم کی لت نقصان دہ ہے اور ایک نشے کا عادی فرد پورے کنبہ کے لئے تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ پولے نے کہا کہ اگرچہ منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لئے حکومت کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں ، تاہم ، علمائے کرام اور والدین دونوں کو اس لعنت کو روکنے میں انتظامیہ کے تعاون اور مدد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر ، اسکالرز نے نوجوانوں میں منشیات کی لت کے بدترین نتائج کے بارے میں متنبہ کیا اور کشمیر میں اس زہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ان کی حمایت کا یقین دلایا۔ صوبائی کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ علمائے کرام کو انتظامیہ کی اتنی ہی مثبت مدد کرنے کی ضرورت ہے جتنی کہ انہوں نے منشیات کے استعمال کے خلاف جنگ میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کرنے کے لئے کورونا وبائی امور کے دوران کی تھی۔