یو این آئی
برازیلیا// برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا نے منگل کو برکس ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی ڈالر کے غلبہ کو بدلنے کے لیے مشترکہ تجارتی کرنسی اپنائیں۔ انہوں نے قومی کرنسیوں کو متاثر کیے بغیر برکس ممالک کے درمیان تجارت کے لیے مشترکہ کرنسی کی وکالت کی اور برکس بزنس فورم لیڈرس ڈائیلاگ میں کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کا متبادل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کرنسی کا استعمال ترقی پذیر ممالک کے درمیان تجارت کو سہل بنانے کے لیے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ برکس ایک کثیر الجہتی ادارہ بنے نہ کہ ایک خصوصی کلب، ہم صرف اپنے آپ کو منظم کرنا چاہتے ہیں۔اپریل میں، انہوں نے امریکی ڈالر پر تجارت کا انحصار کم کرنے کے لیے ممکنہ طور پر ایک مشترکہ علاقائی کرنسی یا اسی طرح کا طریقہ کار بنانے کی تجویز پیش کی۔ علاوہ ازیں مسٹر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ ان کی حکومت ارجنٹائن کے ساتھ تجارت میں چینی کرنسی یوآن کے استعمال کے امکان پر غور کر رہی ہے۔