جموں //بھار ت میں تعینات امریکی سفارت کار نے ہفتہ کے روز یہاں پی ڈی پی کے سینئر لیڈر وید مہاجن سے ملاقات کی ۔ پی ڈی پی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر سے متعلق مدعوں پر بحث کی گئی۔مہاجن نے وفد کو پی ڈی پی کی جانب سے ریاست جموں و کشمیر کوموجودہ غیر یقینی صورتحال سے باہر نکالنے کیلئے کی جاری کاوشوں اور دہائیوں پُرانے مسئلہ کو حل کرنے کی جانکاری دی،تاکہ آنے والی پیڑھی پرامن اور خوشحال دور میں زندگی بسر کرے۔مہاجن نے بتایا کہ پی ڈی پی مسئلہ کا حل جمہوری عمل سے چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل او سی کے آر پارسڑکیں کھولنے، جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کا تحفُظ ، آئینی یقین دہانیوںکو پورا کرنا ، جموں و کشمیر اور پاکستانی زیر انتظامیہ کشمیر کے درمیان مشترکہ کونسل قائم کرنا کم و پیش پارٹی کے ایجنڈے میں ہے،تاکہ کاروبار، سیاحت ، حرفت ،آفات سماویہ ،گلوبل وارمنگ سے متعلق معاملات کی مشترکہ دیکھ ریکھ کی جا سکے۔مہاجن نے وفد سے کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان اپنی اپنی خود غرضی کو جنوبی ایشیا میں رہائش پذیر لوگوں کی بھلائی کیلئے چھوڑیں تو جموں و کشمیر کے عوم کی خواہشات کا حل کرکے اور دونوں ممالک کی یکجہتی کا تحفُظ کرکے اسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔