واشنگٹن// امریکہ نے تبت میں انسانی حقوق کے معاملوں سے متعلق امور کے لئے خصوصی کو آرڈینیٹر مقرر کیا ہے ۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومیو نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ‘‘مجھے بیورو آف ڈیموکریسی، حقوق انسانی اور محنت کے اسسٹنٹ سکریٹری رابرٹ اے ڈسٹرو کو تبتی امور کا کوآرڈینیٹر بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔پومپیو نے کہا کہ خصوصی کوآرڈینیٹر چین اور تبتی روحانی پیشوا دلائی لامہ یا ان کے نمائندوں کے مابین بات چیت کو فروغ دینے کیلئے امریکہ کی کوششوں کی قیادت کرے گا اور ساتھ ہی تبت کی مذہبی اور لسانی شناخت کے تحفظ کے لئے بھی کام کرے گا۔ انہوں نے کہا ‘‘وہ تبتی مہاجرین کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور پہاڑوں میں بسنے والی تبتی برادریوں میں پائیدار معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کیلئے امریکی کوششوں کی بھی حمایت کریں گے ’’۔