تہران میں آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر اور صدارتی محل کو بھی نشانہ بنایا گیا
تہران //امریکی اور اسرائیلی افواج نے مشترکہ طور پر ایران کے کئی شہروں کو مزائل حملوں سے نشانہ بنایا، جس میں 85سے زائد سکولی بچے ہلاک ہوئے۔ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی کئی فوجی تنصیبات تباہ ہوئیں اور فوج کو بھی بھاری نقصان ہوا ہے۔
امریکی حملے
امریکہ نے فضائی حملوں میںکرمانشاہ، قم، اصفہان، تبریز، کرج اور جنوبی علاقے کنارک میں ایرانی بحریہ کی تنصیبات سمیت فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ۔ کرد علاقے کے ایک چھوٹے شہر کامیاران سے موصولہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پاسدارانِ انقلاب کا اڈہ بمباری کا شکار ہوا ۔اسرائیلی دفاعی افواج نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی مقامات اور تنصیبات کے قریب سے انخلا کر لیں۔تہران کے نرماک محلے سے موصولہ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ سابق صدر محمود احمدی نژاد کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ سابق صدر زخمی ہوئے ہیں یا نہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں شاید ہمارے ایک یا دو کمانڈر ہلاک ہوئے ہیں۔ عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای زندہ ہیں۔
جوابی حملے
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی میزائل حملے کیے۔ معلومات کے مطابق بحرین، ابوظہبی اور قطر میں میزائل حملے ہوئے ہیں جبکہ ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے میزائلوں اور ڈرونز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور قطر اور متحدہ عرب امارات میں دیگر امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں فوجی اور سیکورٹی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔بحرین کی نیشنل کمیونیکیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سروس سینٹر کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ۔بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آج ملک کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے ایک جارحانہ حملے کا سامنا کرنا پڑا، جسے اماراتی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا اور متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔حکام کے مطابق دارالحکومت ابوظہبی کے ایک رہائشی علاقے میں میزائلوں کے ملبے کے گرنے سے کچھ مالی نقصان ہوا اور ایک پاکستانی ہلاک ہوا۔خیال رہے ابوظہبی میں الظفرہ ایئر بیس ہے جہاں امریکی اہلکار تعینات ہیں۔یہ متحدہ عرب امارات میں واقع ایک اہم فضائی اڈہ ہے جہاں امریکی فضائیہ کے اہلکار اور طیارے بھی تعینات رہتے ہیں۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں اور فضائی حملے کے سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔قطر کی وزارتِ دفاع نے ریاستی میڈیا کے مطابق کہا ہے کہ ملک کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کو مہارت سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ایک قطری اہلکار نے بتایا کہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ بیٹری نے ایک ایرانی میزائل کو روک لیا۔قطر نے کہا ہے کہ ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔قطر میں العدید ایئر بیس موجود ہے، جو خطے میں سب سے بڑی امریکی فوجی اڈہ ہے۔سعودی دارالحکومت ریاض میںنامہ نگاروں نے قطر اور بحرین میں امریکی اڈے پر حملوں کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیلی دفاعی افواج(آئی ڈی ایف)نے دعوی کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب مزید میزائل داغے ہیں جس کے بعد وارننگ الرٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ ہفتے کی صبح سے آئی ڈی ایف کے ٹیلیگرام چینل پر میزائل حملوں سے متعلق جاری ہونے والا ساتواں وارننگ الرٹ ہے۔