محمد تسکین
بانہال//امرناتھ جی یاترا-2026 کے چھٹے قافلے کے تحت منگل کی علی الصبح 8,815 یاتری سخت سیکورٹی حصار میں بھگوتی نگر یاتری نواس، جموں سے بالتال اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوئے۔زونل پولیس کے مطابق یاتریوں کا قافلہ 363 گاڑیوں پر مشتمل تھا اور ان میں سے 3,989 یاتری 181 گاڑیوں میں صبح 3:35 بجے بالتال روٹ کے لیے روانہ ہوئے، جبکہ 4,826 یاتری 182 گاڑیوں میں 4:08 بجے پہلگام روٹ کی جانب روانہ کیے گئے۔قافلے میں 5,831 مرد، 2,193 خواتین، 30 بچے، 598 سادھو، 131 سادھویاں، ایک سادھو بچہ اور 31 غیر ملکی مرد یاتری شامل ہیں۔ گاڑیوں میں 172 بسیں، 58 میڈیم موٹر وہیکلز، 130 لائٹ موٹر وہیکلز اور 3 دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیںاس دوران رامبن ضلع میں پیر اور منگل کی رات سے صبح تک وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شدید گرمی اور حبس سے عوام کو راحت پہنچائی اور جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ضلع رام بن انتظامیہ، ٹریفک
پولیس، جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، صحت، فائر اینڈ ایمرجنسی، این ایچ اے آئی اور دیگر متعلقہ محکمے یاتریوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔ شاہراہ پر ٹریفک اور یاترا قافلے کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ یاترا پرامن اور منظم انداز میں جاری رہے۔واضح رہے کہ امرناتھ جی یاترا کا آغاز 3 جولائی کو ہوا تھا، جبکہ یہ سالانہ مقدس یاترا 28 اگست 2026 کو شراون پورنیما (رکشا بندھن) کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔