عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// سری نگر کے لال بازار علاقے کے امدا کدل میں اتوار کو آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا جبکہ ایک دوسرا مکان جزوی طور پر متاثر ہوا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔فائر کنٹرول روم بٹہ مالو کو آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائربریگیڈ کی گاڑیاں فائر اسٹیشن نوشہرہ، فائر اسٹیشن صورہ اور فائر اسٹیشن حضرت بل سے موقع پر روانہ کی گئیں۔فائربریگیڈ عملہ جب جائے وقوعہ پر پہنچا تو دو منزلہ رہائشی مکان شعلوں کی لپیٹ میں تھا، جہاں دوسری منزل اور اٹاری مکمل طور پر آگ کی زد میں آ چکی تھیں۔ آگ کی شدت کے باعث ملحقہ مکان کی بالائی منزل بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔آگ بجھانے کی کارروائی کو مزید مؤثر بنانے اور پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹر سے مزید فائربریگیڈ گاڑیاں بھی موقع پر بھیجی گئیں۔فائربریگیڈ اہلکاروں نے غیر معمولی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے قریبی رہائشی ڈھانچوں تک پھیلنے سے روک دیا۔اس واقعے میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان شدید طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ ایک تین منزلہ رہائشی مکان کی بالائی منزل کو جزوی نقصان پہنچا۔آگ بجھانے کی کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (اے ڈی جی پی) و ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز آلوک کمار (آئی پی ایس) کی مجموعی نگرانی میں انجام دی گئی، جبکہ دیگر سینئر افسران بھی موقع پر موجود رہے اور کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔