محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن بانہال کے ناچلانہ کے قریب منگل کی شام ایک الیکٹرک آٹو رکشہ کے حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی یے جبکہ ایک مسافر خاتون اور آٹو ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں چل رہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق الیکٹرک آٹو کھڑی سے بانہال کی طرف آ رہا تھا کہ یہ آٹو ڈرائیور کے قابو ہاہر ہوکر کھڑی۔ ناچلانہ سڑک سے 200فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گرا۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں، قریبی 23راشٹریہ رائفلز کیمپ کے فوجی جوانوں، پولیس اور کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکاروں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور خون میں کے پت تمام افراد کو کھائی سے باہر نکالااور انہیں نزدیکی فوجی کیمپ میں ابتدائی علاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد آرمی کیمپ ناچلانہ میں فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ جہاں سے تینوں زخمیوں کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سر میں آئی شدید چوٹ کی وجہ سے ایک 60سالہ زخمی غلام حسن سوہل ولد لسو سوہل ساکنہ زنچوس چکناڑواہ بانہال نے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کرنے کے دوران راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔اس حادثے میں زخمیوں کی شناخت مرحوم غلام حسن سوہل کی اہلیہ فاطمہ بیگم عمر 57سال اور آٹو ڈرائیور محمد اکرم ولد عبد الحمید عمر 32سال ساکنہ سیلا گنوت رام بن کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان دونوں کو سر اور جسم کے دیگرحصے زخمی ہوئے ہیں اور اعضا فریکچر ہوئے ہیں ۔