عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ نے کل ویری، بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے نئے اراکین کا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر اْن کا پْرتپاک استقبال کیا۔ پارٹی صدر دفتر سرینگر میں ایک تقریب میںویری بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے سرکردہ سیاسی و سماجی شخصیات جاوید پڈر اور یاور پڈر نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ باضابطہ طور پر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔اس دوران چھانہ پورہ حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈران اور کارکنان بشمول تمام 8 وارڈ صدور کا کل ایک اہم اجلاس پارٹی آفس شیخ باغ سرینگر میں ہوا۔ وارڈ صدور نے پارٹی سربراہ کو چھانہ پورہ حلقے کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال سے آگاہ کیا اور اْن کی نوٹس میں بعض اہم عوامی مسائل و شکایات کے ساتھ ساتھ کئی تنظیمی امور بھی لائے۔ شرکا نے چھانہ پورہ حلقے میں پارٹی کیڈر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کے ضمن میں اپنی آرا پیش کیں۔اس موقع پرالطاف بخاری نے چھانہ پورہ حلقے کے پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کی نشاندہی کے لیے حلقے میں عوامی رابطہ مہم میں سْرعت لائیں تاکہ ان عوامی مسائل کو فوری طور حل کرانے کیلئے متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جاسکے۔انہوں نے کہا، ’’جیسا کہ ہم جانتے ہیں، سخت سردیوں کے ان ایام میں لوگوں کو کئی طرح کی مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے سے رابطہ کریں اور ان کے مسائل کی نشاندہی کریں، تاکہ ہم اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے۔‘‘انہوں نے وارڈ صدور پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں سے میٹنگوں کا انعقاد کریں۔ بخاری نے رہنمائوں اور سینئر کارکنوں پر حلقے میں نئی ممبرشپ مہم شروع کرنے کی ذمہ داری بھی ڈالی اور اس ضمن میں مقررہ اہداف کو پورا کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ شدت کے ساتھ اس مہم میں لگ جائیں۔