سرینگر// اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر کو حل طلب تنازعہ کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کیخلاف آواز بلند کریںگے۔سی این ایس کے مطابق اقوام متحدہ کی75ویں جنرل اسمبلی (یو این جی اے)اجلاس میں اپنے خطاب میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کے مسائل اور جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے اقدام اٹھانے کا مطالبہ کریں گے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان 5 اگست2019 کو اٹھا ئے گئے بھارتی اقدام، جس میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی تھی، کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور غیر قانونی فنانسنگ سے متعلق ایک اعلی سطح اجلاس اور بائیو ڈائیورسٹی سمٹ میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ یو این جی اے میں ہونے والے تمام خطابات یا سرگرمیاں کووڈ19 کی وجہ سے ورچوئل ہوں گی یعنی عالمی رہنما 75 ویں یو این جی اے میں ظاہری طور پر اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔سلامتی کونسل کا ایجنڈا قائم کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق وضع کیا گیا ہے اور اتفاق رائے کے بغیر اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اقوام متحد ہ میںپا کستانی نمائند ے منیر اکرم نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جنرل اسمبلی حق خودارادیت کو برقرار رکھے گی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے رسائی کا مطالبہ کریں گی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس
