سرینگر//لوک سبھا سپیکر اوم برلا ،جو 29 ؍ اگست 2021ء کو سرینگر پہنچے تھے، نے ضلع ترقیاتی کونسل ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ضلع اننت ناگ کے پنچایتی راج اِداروں کے سرپنچوں سے پہلگام میں ملاقات کی۔اوم برلا نے نومنتخب مقامی نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اَمن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ سپیکر نے مزید کہا کہ یوٹی میں پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم کیا گیا ہے اور مقامی نمائندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمہوری اِداروں کو زیادہ شفاف اور جواب دہ بنانے میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔اُنہوں نے پنچایتی راج نمائندوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی اُمیدوں اور خواہشات کی تکمیل کے لئے کام کریں۔ برلا نے کہا کہ اقتدارکی مرکزیت جمہوریت اور ترقی کی کامیابی کی کلید ہے ۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ اور پنچایتی راج اِداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ سے تال میل پر زور دیا تاکہ ترقی کے ثمرات مطلوبہ مستحقین تک پہنچیں ۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سیاحت اور برآمد کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔ اُنہوں نے قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میںمقامی دستکاری اور مصنوعات کی مارکیٹنگ اور برآمد کو بڑھانے کے اِقدامات پر زور دیا۔پنچایتی نمائندوں نے برلا کے ان کے تاریخی دورے کی تعریف کی اور کہا کہ لوک سبھا سپیکر کے دورے سے نچلی سطح درجے کی جمہوریت کو فروغ ملے گا۔لوک سبھا سپیکر اوم برلا 31؍ اگست 2021ء کو جموںوکشمیر کے پنچایتی راج اِداروں کے بااِختیار بنانے کے لئے پارلیمانی آئوٹ ریچ پروگرام کا اِفتتاح کریں گے۔پنچایتی راج اِداروں کو بااِختیار بنانے کیلئے پارلیمانی آئوٹ ریچ پروگرام لوک سبھا سپیکر کااَپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے ۔ اس کا مقصد نچلی سطح کی حکمرانی اور منصوبہ بندی کے اَداروں کو مستحکم بنانا ہے۔ پروگرام کا موضوع’’ پنچایتی راج اِداروں کو بااِختیار بنانے کے لئے پارلیمانی آئوٹ ریچ پروگرام ‘‘ ہے۔ تقریباً 100 پنچایتی نمائندے ذاتی طور پر پروگرام میں شرکت کریں گے اور بہت سے دوسرے بذریعہ ویب لنک آن لائن شامل ہوں گے ۔