اقبال ہائی اسکول صورہ کے اہتمام سے سالانہ کراس کنٹری دوڑ

 سرینگر// اقبال ہائی اسکول صورہ کے اہتمام سے سالانہ کراس کنٹری دوڑ کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹے بڑے بچوں نے حصہ لیا۔ اِس سال کے پروگرام  کا نام ’پالیتھین کے خلاف دوڑ‘ رکھا گیا تھا اور یہ اسکول کیمپس سے شروع ہوکر احمد نگر تک ۹۰ فٹ روڑ کے دونوں اطراف دوڑی گئی ۔اسکول کے نائب صدر نشین نے ایک رنگا رنگ تقریب پر دوڑ کو سبز پرچم دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعہ پر اور لوگوں کے علاوہ اسکول کی پرنسپل ، اسٹاف، بچوں کے والدین، مقامی لوگ اور سرکاری اہلکار موجود تھے۔ مقامی لوگوں اور والدین نے اس بات کو کافی سراہا کہ پولیتھین کی بدعت کے خلاف اس ریس کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے لئے بچوں خاص کر ننھے نونہالوں کی خاصی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقعہ پر معروف  ماحولیاتی کارکن فوقیہ تانی نے کہا کہ پالی تھین جس طرح ہماری زمین، آبی وسائل اور پورے ماحول کو کھائے جا رہا ہے،اس کے پیش نظر اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ سماج میں اس کے خلاف بیداری پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد یہ ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔ دوڑ کے اختتام پر دسویں جماعت کی تابندہ اور آٹھویں جماعت کے فرقان نے ہائر ڈیپارٹمنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ۹ویں کی دائمہ اور دسویں کے ازہان نے دوسری اور آٹھویں جماعت کی نادیہ اور اسماء نے تیسری جگہ لے لی۔ اسی طرح مڈل ڈیپارٹمنٹ میں سمیر اور مدیحہ نے پہلی، مدثر اور منتہا نے دوسری اور طہٰ اور ضحا نے تیسرا مقام حاصل کرلیا۔ پرائمری ڈیپارٹمنٹ میں  مصدق، حنان اور فرقان نے ترتیب کے ساتھ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔  ان سبھی کو اسکول کے سالانہ دن کے موقعہ پر اعزاز و اسناد سے نوازا جائے گا۔ دریں اثنا اسکول انتظامیہ نے آج کے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں تعاون دینے پر متعلقہ حکام اور پی ایس صورہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔