عظمیٰ نیوز سروس
چنئی/افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں کینیڈا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ 44 سالہ سابق انگلش بیٹر نے چنائی میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سب کو افسردہ کر دیا۔جوناتھن ٹروٹ 2022 میں گراہم تھورپ کی جگہ افغان ٹیم کے کوچ بنے تھے اور ان کے دور میں افغانستان نے عالمی کرکٹ میں کئی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ان کی نگرانی میں افغانستان نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دی۔
بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی بار دو طرفہ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹروٹ نے بکھری ہوئی صلاحیتوں کو یکجا کر کے افغانستان کو کرکٹ کی ایک مضبوط قوت میں تبدیل کیا۔اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے ٹروٹ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔ انہوں نے کہا کہ افغان کھلاڑیوں کی زندگیوں میں آنے والی مثبت تبدیلی دیکھ کر انہیں دلی سکون ملتا ہے۔کناڈاکے خلاف 95 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے والے بیٹر ابراہیم زدران نے اپنا ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ ایوارڈ اپنے کوچ کے نام کر دیا۔ ٹروٹ نے افغان ٹیم کے ساتھ گزارے وقت کو اپنے کیریئر کا یادگار ترین حصہ قرار دیا، تاہم انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں اپنے ملک انگلینڈ کی کوچنگ کرنا چاہیں گے۔جوناتھن ٹروٹ کا جانا افغان کرکٹ کے لیے ایک بڑا خلا ہے، کیونکہ انہوں نے ٹیم کو صرف تکنیکی طور پر ہی نہیں بلکہ ذہنی طور پر بھی بڑے میچز جیتنے کے قابل بنایا۔