سانبہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سانبہ کا دورہ کیا اور آئی ٹی آئی سانبہ کے ورکشاپ بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ ورکشاپ بلاک 49 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سدرشن کمار، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سانبہ تلک راج شرما ، صدر لوکل انڈسٹریز ایسوسی ایشن اور آئی ٹی آئی کے دیگر عملہ موجود تھے ۔ دورے کے دوران آئی ٹی آئی کے سپرنٹینڈنٹ سانبہ اجے کمار نے انسٹی ٹیوٹ کی مجموعی طبعی اور مالی کامیابیوں کو پیش کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے طلبا کی مخصوص تربیت کی مانگ پر زور دیا اور تیز رفتار ترقی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ تمام تنظیموں میں ملازمت کیلئے بہت زیادہ گنجائش اور صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ساتھ آئی ٹی آئی میں ڈپلومہ کورس اور سرٹیفکیٹ کورس بھی کرائے جا رہے ہیں ۔ ’’ اس سال مختلف ٹریڈز /کورسز کے تحت تربیت کیلئے آن لائین پورٹل کے ذریعے 48000 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ سال 2021 ہنر مندی کا سال ہے اور ضلع سانبہ میں مختلف پروجیکٹس جیسے ایمز ، فلائی اوور ، نئی شاہراہوں کی تعمیر وغیرہ کے ساتھ اس علاقے میں روز گار کی بہت زیادہ گنجائش ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہنر مندی کے فروغ کا منصوبہ وضع کرنے پر بھی زور دیا ۔ سامون نے مزید کہا کہ ’’ ٹرینرز اور انفراسٹرکچر کی ضرورت پر بھی غور کیا جاتا ہے اور طلباء کیلئے باقاعدہ نمائش کے دورے بھی کئے جاتے ہیں ۔ ‘‘ بعد ازاں ڈاکٹر اصغر سامون نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج سانبہ کا بھی دورہ کیا اور سٹاف اور طلباء سے بات چیت کی ۔