یو این آئی
ڈھاکہ/بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی ) کی جانب سے پیر کے روز میرپور کے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سابق مایہ ناز فاسٹ با لر روبیل حسین کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ بین الاقوامی کرکٹ سے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے روبیل حسین اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور بورڈ کی جانب سے ملنے والی محبت اور عزت دیکھ کر جذباتی ہو گئے ۔
روبیل حسین اپنے بیٹے کے ہمراہ گراؤنڈ میں آئے اور الوداعی طور پر میرپور کی پچ کو چھو کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دوسرے ون ڈے میچ کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے انہیں ایک یادگاری فریم شدہ جرسی اور کریست پیش کیا۔روبیل حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا”جب میں نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو بورڈ صدر تمیم اقبال نے مجھے فون کر کے اس تقریب کی دعوت دی۔ یہ میرے لیے خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ بورڈ نے اتنے شاندار ماحول میں مجھے عزت بخشی۔”36 سالہ روبیل حسین نے بنگلہ دیش کی جانب سے 104 ون ڈے ، 27ٹیسٹ اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 193وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے کوچ سرور عمران کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اپنے کوچ کی بدولت ہیں جنہوں نے ’’پیسر ہنٹ‘‘ سے لے کر قومی ٹیم تک ان کی رہنمائی کی۔ روبیل نے اپنے کیریئر میں والدین کے کلیدی کردار کا ذکر کیا اور اس یادگار موقع پر انہیں شدت سے یاد کیا۔