اسکولوں کے کام کاج میں بہتری لانے پر سیکریٹری تعلیم کازور

 جموں//اسکولوں کے کام کاج میں بہتری لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے اسکولی تعلیم کے سیکریٹری نے قلیل مدت میں آدھار اندراج مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وہ یہاں ایک میٹنگ میں محکمہ تعلیم کے کام کاج اور مختلف سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، سپیشل سیکرٹریز اور دیگر منسلک وِنگوں کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور کشمیر اور جموں کے چیف ایجوکیشن افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں مختلف مرکزی سکیموں کی طبعی اور مالی حصولیابیوں کے علاوہ آدھار اندراج کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری موصوف نے وقت قلیل میں آھار اندراج کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے سکولوں میں ضروریات اور ان کے کام کاج کو بہتر بنانے کے لئے درکار اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے پڑھائی لکھائی میں جدید طرزعمل اپنا کر تمام سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لانے ، سکولوں کو بجلی ، بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولیات فراہم کرنے کے بھی احکامات دئیے۔میٹنگ میں مدرسوں میں تعلیم کی فراہمی سے متعلق سکیم کی عمل آوری ، وظائف سے متعلق سکیموں اور دیگر زیر عمل سکیموں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔