عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر اسمبلی میں کانگریس ایم ایل اے عرفان حفیظ لون اور بی جے پی ایم ایل اے یودویر سیٹھی کے درمیان اس وقت ہاتھا پائی ہوئی جب کانگریس رکن نے پی ایم کے خلاف نعرے لگائے اور بی جے پی ایم ایل اے نے راہول گاندھی کو پپو کہا۔اس معاملے پر اسمبلی میں ہنگامہ ہوا اور کارروائی کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔دونوں اراکین اآپس میں گھتم گھتا بھی ہوئے اور نوبت ہاتھا پائی تک بھی پہنچ گئی۔ادھر اسمبلی میں جمعہ کو ہنگامہ خیز مناظر دیکھنے میں آئے جب بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ پانچ ہفتوں کے وقفے کے بعد شروع ہوا، جس میں نیشنل کانفرنس، سی پی آئی(ایم)، کانگریس، پی ڈی پی اور آزاد ایم ایل ایز نے ایران کی حمایت میں نعرے لگائے اور بی جے پی کے قانون سازوں نے جموں میں نیشنل لا یونیورسٹی کا مطالبہ کیا۔شور شرابہ جاری رہا تو سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایوان کی کارروائی آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی۔ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی ایوان کا اجلاس ہوا، نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے تنویر صادق نے قائد ایوان سے اس معاملے پر بیان دینے کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد مطالبے کی حمایت اور مخالفت میں مختلف ایم ایل ایز کی مختصر تقریریں ہوئیں۔