عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//اسلامک فرٹرنٹی کشمیر نے یہاں ’مسابقہ مطالعہ سیرت النبی ؐ‘موضوع پرامتحان کاانعقاد کیاجس میں وادی کے اطراف واکناف سے آئے طلاب نے حصہ کیا۔ اسلامک فرئٹرنٹی نے تقریباً ایک ماہ قبل ایک اعلان بذریعہ اخبارات اور سوشل میڈیا منظر عام پر لایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایک سیرتی مسابقہ امتحان منعقد کرنے جا رہا ہے ۔اعلان میں کہا گیا تھا کہ طلباء کتاب ’’محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ جو مولانا عبدالخالق خلیل کی تصنیف ہے، کا مطالعہ کریں اور امتحان میں اول پویشن حاصل کرنے والے بچے کو 10 ہزار روپے نقد، بطور انعام دیا جائے گا اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچے کو پانچ ہزار نقد انعام اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچے کو تین ہزار بطور انعام اور باقی کے سات پوزیشن ہولڈرز کو کتابوں اور اسناد سے نوازا جائے گا اور دیگر تمام شریک ہونے والے طلباء کو بھی اسناد سے نوازا جائے گا۔ جب یہ اعلان منظر عام پر آیا ،تو وادی کے اطراف و اکناف سے تقریبا 250 سے زیادہ سکولی بچوں نے رجسٹریشن کرائی۔ اسلامک فرئٹرنٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد عمل میں لانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ بچے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے روشناس ہو۔انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ ؐکا مطالعہ کرنے سے بچے رسول اللہ ؐ کے قریب ہوںگے جو کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ اسلامک فرئٹرنٹی کے ترجمان نے مزید کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہماری نوجوان نسل سیرت رسول ؐ کا مطالعہ کرے، اس کو پڑھے اور سمجھے اور اپنی زندگیوں کو اسی کے مطابق چلائیں اور اسی میں دنیاوی اور اخروی کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو آمادہ کرنا ہوگا کہ وہ سیرت طیبہ کو سمجھیں اور اس کو اپنی سینوں کے ساتھ لگائے رکھیں۔ یاد رہے کہ یہ مسابقہ پانچویں سے دسویں جماعت کے طلباء کے لیے منعقد کیا گیاتھا۔اسلامک فرئٹرنٹی کے ترجمان نے کہا کہ مستقبل قریب میں گیارہویں جماعت سے پی ایچ ڈی تک کے طلباء کے لیے بھی ایک اور مسابقہ منعقد کیا جائے گا۔
اسلامک فرٹرنٹی کاسیرت النبیؐ پرمسابقتی امتحان ۔250طلاب نے حصہ لیا
