اسرائیل یکطرفہ تبدیلیاں نہ کرکے دشمنی ختم کرے

 جنیوا // فلسطین کی صورتحال پر بلائے گئے اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شریک تمام اراکین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی اور علاقائی تبدیلیاں نہ کرے اور اور اپنی دشمنی کو فوری طور پر ختم کرے۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے فلسطینیوں کیلئے بین الاقوامی تسلیم شدہ سرحد کے ساتھ آزاد ریاست والے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا۔مئی کے مہینے کے لیے کونسل کی تبدیل ہونے والی صدارت کے حامل ملک چین کے وزیر خارجہ وینگ یی نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہی ایک پائیدار تصفیہ کیا جاسکتا ہے۔تمام اراکین نے حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے فوری روکنے کے لیے زور دیا اور دونوں فریقین کو یہ بآور کروایا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔یہ رواں ہفتے فلسطین پر ہونے والا سلامتی کونسل کا تیسرا اجلاس تھا، اس سے قبل بدھ کے روز ہوئے اجلاس میں امریکا نے کونسل کو بیان جاری کرنے سے روک دیا تھا جس میںغزہ کی حالیہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور دشمنی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔