عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی واضح مذمت کرنے میں غیر ضروری تاخیر کی۔ محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ وزیر اعلیٰ کو اسرائیل کے بزدلانہ حملے کی کھل کر مذمت کرنے میں پورا ایک ماہ لگ گیا۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فوری طور پر قرارداد منظور کی جبکہ جموں و کشمیر حکومت نے اس معاملے میں نہ تو سنجیدگی دکھائی اور نہ ہی کوئی واضح اور اصولی مؤقف اپنایا بلکہ اپنی ردعمل کو محض بیانات اور تقاریر تک محدود رکھا۔ قبل ازیں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ایران پر مسلط کیے گئے غیر منصفانہ اور غیر قانونی جنگ کی سخت مذمت کی تھی اور اس تنازعہ میں جان گنوانے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ یو این آئی۔