اسام اسمبلی انتخابات | بی جے پی نے 70 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا

نئی دہلی// (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو آسام اسمبلی کیلئے 70 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جن میں ماجولی سے وزیر اعلی سربانند سونووال اور جالوکبری حلقہ سے وزیر خزانہ ڈاکٹر ہیمنت بِشوا شرما شامل ہیں۔اس فہرست کو بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا۔ یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں وزیراعظم  نریندر مودی کی موجودگی اور بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی زیر صدارت  پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں امیدواروں  کے ناموں پر  غوروفکر کیا گیا تھا۔اس اجلاس میں مرکزی وزراء امیت شاہ ، راج ناتھ سنگھ ، نتن گڈکری ، تھاور چند گہلوت ، نریندر سنگھ تومر ، بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، پارٹی کے سینئر نائب صدر وجینت پانڈا ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور پارٹی کے رہنما جویل اورون نے شرکت کی۔