پونچھ//ہائی اسکول نونا بانڈی میں تعینات چار اساتذہ کے غیر حاضر رہنے پر اسکولی طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی جانب سے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے سڑک پر مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کر کے گاڑیوں کی آمدورفت باکل بند کر دی جس کی وجہ سے زیارت عالیہ سائیں میراں بخش ؒ پر جانے والے ذائرین اور دیگر لوگوں کو کئی گھنٹے تک پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران ان طلبہ کے والدین نے الزام لگایا کہ اسکول میں تعینات اساتذہ اکثر اسکول سے گائب رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں تعینات اساتذہ کا معمول بن گیا ہے کہ وہ باری باری اسکول سے غائب ہو جاتے ہیں جو کہ ان کے بچوں کے مستقبل کے لئے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ مظاہرین نے سی ای او پونچھ چوہدری لعل حسین سے اپیل کی کہ وہ اسکول میں تعینات تمام اساتذہ کو ہدایت کریں کہ وہ اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر رہا کریں تاکہ ان کے بچوں کا مستقل خراب نہ ہو۔یہ احتجاجی سلسلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد اسکول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے مطاہرین اور بچوں کو یقین دلایا کہ وہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کاروائی کریں گے اور مستقبل میں تمام اساتذہ کے حاضری کو یقینی بنائیں گے جس کے بعد مظاہرین نے اس شرط پر احتجاج ملتوی کیا کہ اگر اساتذہ نے حاضری کو یقینی نہیں بنایا تو وہ دوبارہ احتجاج کریں گے۔