سرنکوٹ//سروسز سلیکشن بورڈ کی طرف سے حال ہی میں اساتذہ کی بھرتی کی خاطر جاری ہوئے نوٹیفکیشن پر سرنکوٹ میں نوجوانوںنے احتجاجی ریلی نکالی اور حکام کے خلاف نعرے بازی کی ۔یہ ریلی سرنکوٹ بس اڈہ سے شروع ہوکر ہاڑی محلہ تک گئی جس کی قیادت ان ایمپلائڈ یوتھ صدر طارق اشرف کررہے تھے ۔ اس دوران ریلی میں شامل نوجوانوںنے ایس ایس آر بی ، سرکار اور چیف ایجوکیشن افسر پونچھ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ مقامی ممبران قانون سازیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ ضلع پونچھ کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی سینکڑوں اسامیاں خالی پڑی ہیں اور حکام نے اس نوٹیفکیشن میں پونچھ کو مکمل طور پر نظرانداز کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ آج بھی سرنکوٹ میں مینڈھر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو تعینات کیاگیاہے جو مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی انہی پالیسیوں کانتیجہ ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ انہوںنے ضلع کے ممبران قانون سازیہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت خطہ پیر پنچال کے لوگوں کو بیوقوف سمجھتی ہے اور شائد یہی وجہ ہے کہ انہیں ہر محاذ پر نظرانداز کیاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ضلع پونچھ رشوت خوری کا اڈا بناہواہے ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر ایس ایس آر بی نے اس فیصلہ پرنظرثانی نہ کی تو وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیںگے ۔