محمد تسکین
بانہال// بدھ کی شام ریلوے تعمیراتی ایجنسی ارکان انٹرنیشنل کے دفتر میں ایک تیندوے کی موجودگی کی خبر کے بعد وہاں کھلبلی مچ گئی اور دفتر اور رہائشی کواٹروں میں رہنے والے ملازمین اندر ہی دبک کر رہ گئے۔ وائلڈ لائف کنٹرول روم بانہال کے انچارج نجم الدین نائیک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیندوے کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی وائلڈ لائف محکمہ کی ایک ٹیم بدھ کی شام دیر ارکان انٹرنیشنل کے دفتر پہنچی اور پورے علاقے میں تلاشی کاروائی کی گئی لیکن تیندوے کا دور دور ٹک کوئی سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کے سیکورٹی اہلکاروں سے بھی تیندوے کی موجودگی کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ غالب امکان ہے کہ وائلڈ لائف کی ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی تیندوا وہاں سے نکل کر اوپر چاچا ہال یا کراواہ کے جنگلوں کی طرف نکل گیا ہو۔