یو این آئی
ایپو (ملیشیا)/بلجیم نے اتوار کو کھیلے گئے سخت اور سنسنی خیز فائنل میں ہندوستان کو 0-1 سے شکست دے کر سلطان ازلان شاہ کپ 2025 کا پہلا خطاب اپنے نام کر لیا۔میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول تھیبو اسٹوکبروئکس نے 34ویں منٹ میں اس وقت کیا جب بیلجیم نے شاندار ٹیم موو کے ذریعے ہندوستانی دفاع کو چکمہ دیتے ہوئے برتری حاصل کی۔ یہ بیلجیم کی اس باوقار ہاکی ٹورنامنٹ میں صرف دوسری شرکت تھی۔ اس سے قبل وہ 2008 میں چھٹے نمبر پر رہے تھے ۔دنیا میں ساتویں نمبر پر موجود ہندوستان کے لیے یہ لگاتار دوسرا موقع ہے جب اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے آخری بار 2019 میں شرکت کی تھی جب وہ کوریا سے فائنل ہار گیا تھا۔ پانچ خطابات کے ساتھ ہندوستان اب بھی ٹورنامنٹ کی دوسری کامیاب ترین ٹیم ہے ، اگرچہ اس کی آخری فتح 2007 میں آئی تھی۔فائنل کے آغاز میں ہی بیلجیم، جس نے گروپ مرحلے میں ہندوستان کو 2-3 سے ہرایا تھا، جارحانہ انداز میں میدان میں اترا اور ابتدائی حملوں میں زیادہ خطرناک مواقع پیدا کیے ۔
ہندوستانی دفاع اور گول کیپرز ششی کمار موہت ہونن ہلی اور پون نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلا ہاف بے نتیجہ رکھا۔دوسرے ہاف کے آغاز کے فوراً بعد اسٹوکبروئکس نے گول کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ہندوستان نے اس کے فوراً جواب میں پنالٹی کارنر حاصل کیا مگر فائدہ نہ اٹھا سکا۔ اسی دوران بیلجیم کے کپتان آرتھر وین ڈورین نے ایک تیز کاؤنٹر اٹیک میں قریب تھا کہ برتری کو دگنا کر دیتے ۔49ویں منٹ میں ٹام بون نے اسٹوکبروئکس کے پاس پر گیند کو جال میں پہنچایا، تاہم امپائر نے اسے خطرناک کھیل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری لمحات میں بھرپور کوشش کرتے ہوئے اضافی کھلاڑی آگے بڑھائے ، تاہم واضح مواقع اب بھی بیلجیم کو ہی ملتے رہے ۔ ہندوستانی گول کیپر پون نے چند اہم بچاؤ کر کے امیدیں برقرار رکھیں، مگر بیلجیم نے آخر تک برتری برقرار رکھی۔اس سے قبل کھیلے گئے کانسہ کے تمغہ کے لئے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ملیشیا کو 1-6 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔