جموں //پیار ،محبّت، بھائی چارہ ، رواداری، امن اور اہنسا کے تہوار عیٖد الفطر کے موقعہ پر کثیر اللسانی ادبی تنظیم ادبی کُنج جے اینڈ کے جموّں کی طرف سے اِس کے ادبی مرکزکڈذی سکول تالاب تِلّوجموں میں گذشتہ روز ایک خصوُصی ادبی نِشست کا اہتمام کِیا گیا۔جس میں مختلف زبان و ادب سے وابستہ قلمکاروں اور دیگر شائقینِ شعر و سُخن نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ نِشست کی صدارت کے فرائض گوجری زبان و ادب کی معروف شخصیّت اُردوُ و گوجری کے شاعر محمّد سروَر چوہان حبیٖبؔ نے کی۔جبکہ ہِندی کے جواں سال طنزو مزاح شاعر ادیٖب اور تنظیم کے پُرانے کارکُن پوَن کھجوُریہ اور تنظیم کی پُرانی ممبر ڈوگری شاعر ہ نیلم ؔورما مہمانِ خصوُصی تھیں۔نِظامت کے فرائض تنظیم کے ادبی سیکرٹری بِشن داس خاکؔ نے انجام دِئے۔ نِشست کے آغاز میںچئیر مین آرش ؔ دلموترہ ،صدر شام طالبؔ، صدرِ نِشست سروَر چوہان حبیٖبؔ اور دیگر معزز ممبران نے عید الفطر کی نیک خواہشات پیش کیٖں۔ اِس موقعہ پر مقرّرین نے اِس متبرّک تہوار کی اہمیّت پر مفصّل روشنی ڈالی اور خُدا تعالیٰ سے امن اور اہنسا کی دُعا کی ۔ نِشست کا پہلا دوَر سُرمئی تھا۔ جِس میںچمن سگوچؔ نے آرشؔ دلموترہ کی نعت ’ایک رب کا پیروکار اِسلام ہے، سجدہ نہ واجب بجُز اُس نام ہے۔ اور گلوگار شاعر محمّد سرور چوہان حبیٖب ؔ نے شام طالبؔ کی نعت ’ زندگی تیری امانت ہے محمّد میرے، سر بسر تیری عناعت ہے محمّد میرے گاکر حاضرین کو محظوظ کِیا۔ اِس موقعہ پر ایک خصوُصی اُردوُ پیپر ’ عیٖدکی عظمت‘ سروَر چوہان حبیٖبؔ نے پیش کِیا۔نِشست کے شعری دوّر میںشعراء حضرات نے اپنے نعتیہ کلام کے ساتھ ساتھ مختلف زبانوں میں اپنا دیگرکلام بھی پیش کِیا۔کُچھ شعراء کے اِسم گرامی اِس طرح ہیں:۔ آرشؔ دلموترہ ، مالک سنگھ وفاء، سروَر چوہان حبیٖب،ؔنیلم ورماؔ ، پوّن کھجوریہ، چمن سگوچؔ ، بِشن داس خاکؔ، راج کمل، ایس کے گٗپتا، راجیو کُمار اور شام طالبؔ۔ نِشست کے اِختتامی دوَر میںسال 2017ء میں ریاست کے اُدباء وشعرا کی مختلف زبانوں میں تحریر کردہ کُتب پر ریاستی کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے بہتر کِتاب(Best Book)ایوارڈ حاصل کرنے والے قلم کاروں کو ادبی کُنج کی طرف سے دِلی مُبارک باد پیش کی گئی۔نِشست کا اِختتام تنظیم کی طرف سے چئیرمین آرشؔ دلموترہ کی پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہوُا۔