اخوند نے خاموشی توڑ دی، غنی پر بدعنوانی کے الزامات لگائے

کابل/یو این آئی//افغانستان کے نگراں وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے درمیان اپنی خاموشی توڑتے ہوئے طالبان کے دور حکومت میں وزیر اعظم مقرر ہونے کے بعد پہلی بار ایک بیان جاری کیا ہے۔افغانستان کے قومی ریڈیو اور نیوز چینل پر ہفتہ کی شام حسن اخوند کا آڈیو پیغام نشر کیا گیا جس میں سابق افغان صدر اشرف غنی پر بدعنوانی اور فنڈ کے غبن کے الزامات لگائے گئے۔خامہ نیوز پر نشر ہونے والے ایک پیغام میں اخوند نے کہاکہ ’’ غنی نے صدارتی محل میں ایک بینک قائم کررکھا تھا۔"انہوں  نے بتایا کہ طالبان فوجیوں نے صدارتی محل  سے غنی  اور ان کے ٹیم کے فرار ہونے کے بعد کافی رقم برآمد کی تھی۔ عام معافی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ طالبان عام لوگوں اور فوجی اہلکاروں کو بھی عام معافی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ان لوگوں کو سزا دی جائے گی جنہوں نے جرم کیا ہے۔ اخوند نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ افغانستان کے لوگوں کے لیے انسانی امداد جاری کرے۔