عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // شوپیان کے ایک شخص کوایودھیا رام مندر میں نماز پڑھنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔اجودھیا پولیس کے مطابق 55سالہ عبدالاحد شیخ ساکن شوپیان نے ہفتے کو رام مندر میں رام للا کے درشن کئے اور بعد میں مندر کے اندر ہی سیتا کی رسوئی کی جگہ کے نزدیک جائے نماز بچھا کر نماز پڑھنے کی کوشش کی۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وہ گیٹ نمبر ڈی ون سے اندر داخل ہوا تھا جہاں سے عام لوگ درشن کیلئے اندر جاتے ہیں۔پولیس نے کہا کہ شیخ کے اہل خانہ نے دعوی کیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہے اور اس نے ثبوت کے طور پر سری نگر میڈیکل کالج کے سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ سے میڈیکل ریکارڈ شیئر کیا ہے۔اس واقعے کے بارے میں پوچھے جانے پر شیخ کے بیٹے عمران نے شوپیان میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کو بتایا، ہمیں اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، وہ بالکل ٹھیک نہیں ہے۔اہلکار نے بتایا کہ ملزم دن کے وقت مندر کے احاطے میں داخل ہوا،مندر کا دورہ کیا اور بعد میں سیتا رسوئی علاقے کے قریب بیٹھ گیا، مبینہ طور پر نماز پڑھنے کی تیاری کر رہا تھا۔سیکورٹی اہلکاروں نے اس کی حرکت کو دیکھا اور اسے حراست میں لے کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔ اہلکار نے بتایا کہ تفتیش کار اس شخص سے اس کے ارادے کا پتہ لگانے کے لیے پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور اس کے سفری تفصیلات کی بھی تصدیق کر رہے ہیں، بشمول اس کے ایودھیا کے دورے کا مقصد، اور آیا کوئی اور بھی شامل تھا۔ابتدائی جانچ کے دوران، پولیس کو اس کے قبضے سے کاجو اور کشمش جیسی اشیا ملی ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس شخص نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ اجمیر جا رہا تھا۔