ریاض احمد
لکھنو// پورے ملک کی طرح اترپردیش میںبھی وکست بھارت سنکلپ یاترا شدو مد سے جاری ہے ۔مرکزی سکیموں سے متعلق عوام میں بیداری کرنے اور انکے ثمرات عوام تک پہنچانے کی غرض 15نومبر سے26جنوری تک چلنے والی یاترا کے تحت اتر پردیش میں اب تک دیہی علاقو ں میں گرام پنچایتوں میں 39ہزار سے زائد اور شہری علاقوں میں 1166مقامات پریاترا پروگرام منعقد کئے گئے ہیںجن میں کل ملاکر2.70لاکھ لوگوں کی شرکت درج کی گئی ہے ۔ان باتوں کی جانکاری اترپردیش کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری دویش چترویدی نے جموںوکشمیر سے تعلق رکھنے والے 13رکنی صحافتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دی ۔جموں وکشمیر کا 13رکنی صحافتی وفد پریس انفارمیشن بیورو سرینگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق احمد راتھر کی قیادت میں یوپی میں ہے جہاں وہ وکست بھارت یاترا اور اس سے جڑے دیگر امور کور کررہے ہیں۔دورے کے آغاز میں صحافتی وفد کی ملاقات اترپردیش کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری دویش چترویدی سے سیول سیکریٹریٹ لکھنو میں کرائی گئی جو وکست بھارت یاترا کے نگران اعلیٰ بھی ہیں۔
انہوں نے اتر پردیش میں وکست بھارت یاترا کے اب تک کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں وکست بھارت سنکلپ یاترا کے تحت 604 آئی ای سی گاڑیاں چل رہی ہیں اور اب تک دیہی علاقوں میں 39 ہزار سے زیادہ گرام پنچایتوں میں پروگرام منعقدکئے جا چکے ہیں۔انکا کہناتھا کہ ان منعقدہ پراگراموںمیں اب تک 2کروڑ 70لاکھ لوگ شرکت کرچکے ہیں۔شہر ی علاقوں کی بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ شہروں اور قصبہ جات میں اب تک 1166 مقامات پر وکست بھارت سنکلپ یاترا پروگرام منعقد کئے گئے ہیں جن میں اوسطاً 1500 لوگ حصہ لے رہے ہیں جس سے کل تعداد 16 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک اتر پردیش میں وکست بھارت سنکلپ یاترا کے پروگراموں کے دوران لگائے گئے کیمپوں کے ذریعے 24 لاکھ آیوشمان بھارت کارڈبنائے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یاترا کے پروگراموں کے ذریعے ایک خاندان میں متعدد سکیموں کا فائدہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔چتر ویدی کا کہناتھا کہ ریاست میں سنکلپ یاترا کے دوران لگائے گئے کیمپوں میں 1 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ نئے مستفیدین پردھان منتری اجولا یوجنا کے کنکشن تقسیم کئے گئے جبکہ آیوشمان کارڈ 28 لاکھ 5 ہزار سے زیادہ مستحقین میں تقسیم کیے گئے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری کا مزید کہناتھا کہ 15 نومبر 2023 کو جھارکھنڈ کے کھینٹی سے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ملک گیر یاترا کو جھنڈی دکھائے جانے کے بعد اب تک ریاست میں دیہی حکومت کی مختلف سکیموں سے کل 43 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے اورمستفید ہونے والوں میں سے 2 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ لوگوں نے ‘میری کہانی، میری جوانی’ میں اپنی کامیابی کی کہانیاں درج کرائی ہیں۔چترویدی نے کہا کہ لوگوں کو بیومیٹرکس کے ذریعے ون نیشن ون راشن کارڈ سے کافی فائدہ ہوا ہے اور زندگی گزارنے کا طریقہ آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت کے شعبے میں کسانوں کو بہت زیادہ سہولیات فراہم کی ہیں اور سکیمیں بنائی ہیں جس کی وجہ سے کسان خوشحال ہوئے ہیں۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارہ بنکی کے کسان کشمیر میں زعفران کی کاشت کرنے والوں کی طرح خوشحال ہو رہے ہیں۔انکاکہناتھا کہ کھیتی کے شعبہ میں اب تک27ہزار ڈرون ڈیمانسٹریشن کئے گئے جبکہ 22ہزار زنانہ ہیلتھ کارڈوںکی نمائش ہوئی۔اسی طرح 5لاکھ33ہزار نفوس کو سیکورٹی بیمہ ،3لاکھ کو جیون جوتی بیمہ سکیم،24ہزار کو سوئل ہیلتھ کارڈ،50ہزار کو کسان کریڈٹ کارڈ ،8کروڑ50لاکھ وزیر اعظم کسان یوجنااور25ہزار سوا متوا یوجنا سے اس یاترا کے دوران مستفید ہوچکے ہیں ۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ ہر گھر کو نلکے سے صاف پانی مل رہا ہے اور لوگوں کی بیماریوں میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں زیادہ تر سکیموں نے اپنا ہدف حاصل کرلیا ہے اورصد فیصد سیچوریشن حاصل کی جاچکی ہے اور جہاں ابھی کام نامکمل ہے ،وہاں مسلسل نگرانی عمل کے ذریعے ہر سکیم کے فوائد ہر مستحق فرد تک پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔