لاہور//تجربہ کار آف اسپنر نیتھن لیون (83 رنز پر پانچ وکٹ) اور کپتان پیٹ کمنز (23 رن پر 3) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے یہاں پاکستان کوتیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جمعہ کو دوسری اننگ میں 235 رن پر آل آؤٹ کرتے ہوئے 115 رنز سے بڑی جیت درج کی۔اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی یہ سیریز 1-0 سے جیت لی۔351 رن کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سلامی بلے بازوں امام الحق (42) اور عبداللہ شفیق (27) کے مضبوط آغاز کی بدولت پاکستان نے اچھی شروعات کی، لیکن آج آخری دن اس کی اننگ لڑکھڑاگئی۔ پاکستان نے کل کے 27 اوور میں بغیر وکٹ گنوائے 73 کے اسکور سے آج کاکھیل شروع کیا، لیکن اس نے دن کے شروع میں ہی پہلاوکٹ گنوادیا۔ نوجوان تیز گیندبازکیمرون گرین نے 77 کے اسکور پر شفیق کا وکٹ لے کر آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد لیون اور کمنز نے پاکستان کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ امام اور کپتان بابر اعظم نے تھوڑی بہت کوشش کی لیکن لیون نے انہیں بھی اپنی اسپن میں پھنسالیا۔ لیون 37 اوور میں 83 رن پر پانچ، جبکہ کمنز نے 15.1 اوور میں 23 رن پر تین وکٹ لئے ۔ کمنز نے پہلی اننگ میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر 'پلیئر آف دی میچ' سے نوازا گیا، جبکہ عثمان خواجہ کو سیریز میں دو سنچریوں سمیت شاندار اننگز کے لئے 'پلیئر آف دی سیریز' کا ایوارڈ دیا گیا۔