عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// ضلع رام بن کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 93طلبہ پر مشتمل بھارت درشن ٹور 2025کو ڈی آئی جی ڈڈوڈہ کشتواڑ رام بن رینج شری شری دھر پاٹل نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ طلبہ ہوائی سفر کے ذریعے جموں سے نئی دہلی اور حیدرآباد روانہ ہوں گے، جہاں وہ چھ روزہ قومی تعلیمی و مطالعاتی دورے میں شرکت کریں گے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان، ایس ایس پی رام بن ارون گپتا، سینئر پولیس افسران، میڈیا نمائندگان، طلبہ کے والدین اور اساتذہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر پہلی بار اپنے ضلع سے باہر جانے والے طلبہ میں جوش و خروش تھا اور انہوں نے ملک کے مختلف حصوں کو دیکھنے اور وہاں کے تجربات سے سیکھنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ڈی آئی جی شری دھر پاٹل اور ایس ایس پی رام بن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، ملک کی ثقافتی تنوع، تاریخی ورثے اور ترقی سے واقفیت حاصل کریں اور اپنے تعلیمی و شخصی مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے اس تجربے کو استعمال کریں۔ انہوں نے والدین سے بھی بات چیت کی، جنہوں نے حکومت ہند اور جموں و کشمیر پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے بچوں کو یہ سنہری موقع فراہم کیا۔اس موقع پر طلبہ کو ضروری سہولیات فراہم کرتے ہوئے ٹریک سوٹ، جوتے اور ٹوپیاں بھی دی گئیں۔