گول// آٹھ سال کے بعد پھر رام بن کے علاقہ داڑم کا بٹ پورہ علاقہ کھسکنے لگا جس وجہ سے اوپر کی آبادی میں کافی خوف پیدا ہوا ہے اور کئی نئی رہائش کو بھی اب خطرہ لا حق ہے ۔ یاد رہے۱گست2010میں داڑم کا بٹ پوراہ علاقہ کھسک گیا تھا جس وجہ سے یہاں پر پچاس رہائشی مکانات ، ایک پنجگانہ مسجد ، ایک پرائمری سکول بھی زمین بوس ہو گئے تھے اور اس دوران باغات ، فصلیں بھی تباہ ہو گئی تھی اور انتظامیہ نے متاثرین کے لئے فوری طور پر امداد کے اقدامات بھی اُٹھائے تھے۔ یہاں پر جن لوگوں کے رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے اُن کو داڑم اور گگر سولہ میں نئی رہائشی کالونیوں کے لئے اراضی بھی فراہم کی تھی اور کچھ لوگ یہاں سے ہجرت کر گئے تھے اور وہ لوگ نئی رہائشی کالونیوں میں رہائش پذیر تھے ۔ گزشتہ کئی روز سے لگا تار بارشوں کی وجہ سے جہاں گول و ملحقہ میں کافی نقصان ہوا ہے وہیں داڑم بٹ پورہ پھر سے کھسکنے لگا جس وجہ سے کئی مربع کلو میٹر اراضی نا قابل استعمال رہی ہے ۔ 2010کے بعد اس پر ایک روڈ ریلوے کے کام کے لئے بنایا گیا تھا لیکن وہیں ساتھ ساتھ یہاں پر ٹنلوں سے نکلنے والی مک کی بھی ڈیمپنگ کی گئی اور ساتھ ساتھ گیمون کمپنی نے یہاں پرایک کالونی بھی تعمیر کی اور اُس کو بھی آج نقصان پہنچا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں پر پہلے سے ہی یہ علاقہ نا قابل رہائشی تھا اور اس مزید اس پر ڈیمپنگ کی گئی جس وجہ سے یہ اراضی بوجھ برداشت نہ کر سکی اور پھر سے کھسکنے لگی اور نئی کالونی بھی اسی طرح سے پہلے سے کھسکی ہوئی اراضی پر تعمیر کی گئی تھی ۔ تحصیلدار گول اشرف پرویز موقعہ پر گئے اور انہوں نے حالات کا جائزہ لیا ۔تحصیلدار نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سات کنبوں کویہاں سے بحفاظت سے نکالاگیاہے اور انہیں ٹینٹ دئے گئے اور کاغذی کارروائی جاری ہے انہیں امداددی جائے انہوں نے کہاکہ متاثرین کوریلوے میں نوکری دلانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔آج کی اس واردات میں سات رہائشی مکانات کونقصان پہنچاہے۔تحصیلدار نے مزیدکہاکہ جیالوجیکل ٹیم بھی آئے گی وہ معائنہ کرے گی تاکہ پتہ چل سکے کہ یہ اراضی کتنی محفوظ ہے کیاآئندہ یہاں پر لوگ رہائش کرسکیں گے۔