کپوارہ// 8ماہ قبل گریز بانڈی پورہ کے گمشدہ نوجوان کو پاکستانی حکام نے ٹیٹوال کرناہ کراسنگ پوائنٹ پر ہندوستانی حکام کے حوالہ کیا۔17 سالہ محمد سید گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن گریز بانڈی پورہ ،گزشتہ سال ستمبر2020 میں اپنے گھر سے لاپتہ ہوا تھا۔اس کے افراد خانہ نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ مقامی پولیس تھانہ میں درج کی، تاہم اسکے بارے میں کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ 17سالہ لڑکے نے غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کی تھی اور وہ اُس پار پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوا ،جہاں پاکستانی فوج نے اسے اپنی تحویل میںلیا۔منگل کے روز خیر سگالی جذبے کے تحت 17 سالہ محمد سید کو پاکستانی حکام نے ٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ پر اسے مٹھائیوں کے ساتھ بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔اس موقعہ پر تحصیلدار کرناہ مشتاق احمد خان ، ایس ایچ او کرناہ مدثر احمد، ڈی او ٹیٹوال کے علاوہ دونوں اطراف کے فوجی افسر بھی موجود تھے ۔معلوم رہے کہ دو ہفتے قبل اسی کراسنگ پوائنٹ سے پاکستان کے لیپا وادی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو سرحد پار حکام کے حوالے کیا گیا تھا جو غلطی سے سرحد عبور کر کے کرناہ پہنچ گیا تھا ۔ اس سے قبل اسی کراسنگ پوائنٹ سے پاکستانی زیر انتظامیہ کشمیر کے دو نوجوانوں کو واپس سرحد پار بھیجا گیا تھا جو سرحد پار سے غلطی سے سماری ٹیٹوا ل پہنچ گئے تھے ۔