ایڈیلیڈ//ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی بیک وقت جیتی ہے ۔ 2019 میں انگلینڈ نے ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ جس کے بعد کچھ روز قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر دوسرا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا نے 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ ابتدا میں ہی درست ثابت ہوتا نظر آیا، جب انگلینڈ کے تین بلے باز 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔
پاور پلے میں انگلینڈ کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 47 رنز ہی بنا سکی۔ ڈیوڈ ملان نے انگلینڈ کی اننگز کو ایک طرف سے سنبھال کررکھا ۔ انہوں نے 128 گیندوں پر 134 رنز بنائے ۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے ۔ ملان کے علاوہ ڈیوڈ ولی انگلینڈ کے دوسرے ٹاپ اسکورر تھے ۔ انہوں نے 40 گیندوں میں ناٹ آوٹ 34 رنز بنائے ۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 10 اوورز میں 62 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی ایڈم جمپا نے بھی 10 اوورز میں 55 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ مچل اسٹارک اور مارکس سٹوئنس نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر 12 میں باہر ہونے والی آسٹریلیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار آغاز کیا۔ آسٹریلیا نے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 65 رنز بنائے ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوڈ ہیڈ نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 147 رنز کی شراکت ہوئی۔ آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا 19.4 اوورز میں لگا۔ ٹریوس ہیڈ جارڈن کی گیند پر سالٹ کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 69 رنز بنائے ۔ اسی دوران آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 200 رنز پر گری۔ ڈیوڈ وارنر 28.4 اوورز میں 86 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 84 گیندوں کا سامنا کیا۔ وارنر نے اپنی اننگز میں 10 چوکے اور 1 چھکا بھی لگایا۔