سرینگر//جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد سوموار بعد دوپہر محخمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق موسم میں بہتری آئی اور مطلع صاف ہوا ۔ محکمہ موسمیات نے 22اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 اور24اکتوبر کو وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں معمولی برف باری ہو سکتی ہے ۔ سنیچر رات دیرگئے سرینگر سمیت پورے کشمیراورجموں سمیت اس صوبے کے بیشترعلاقوںمیں گرج چمک کیساتھ بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ،جو مطلع ابروآلودرہنے کے بیچ وقفے وقفے سے سوموارکی صبح تک جاری رہا ،جبکہ اس دوران میدانی یانچلے علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوتی رہیں۔گلمرگ وزوجیلا ، سادھنا ٹاپ ، پھرکیاں ٹاپ ، زیڈ گلی، رازدان ٹاپ سمیت کئی اونچے مقامات پر برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سوموار کوصبح ساڑھے8بجے تک14.8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 11ڈگری سلسیش رہا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں14.8 ملی میٹر بارش ہوئی اوررات کا کم از کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پہلگام میں11.8 ملی میٹر بارش ہوئی،اوروہاں رات کاکم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ کوکرناگ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوموار کی صبح ساڑھے8بجے تک 13 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم از کم درجہ حرارت9.8ڈگری سلسیش ریکارڈکیا گیا۔ ضلع کپواڑہ میں 13.2 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت 8.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں بھی 33.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم از کم 2.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ادھر سونہ مرگ، زوجیلا، منی مرگ، گمری، گلمرگ،پہلگام ، پیر کی گلی ، سادھنا ٹاپ ، شمس بھری ، زیڈ گلی ، پھرکیاں ٹاپ اور رازدان ٹاپ گریز میں تازہ برفباری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے اگلے 3 دنوں تک موسم کی بہتری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 22اکتوبر تک جموں وکشمیر میں موسم خشک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ موسمی صورتحال دیکھنے کے بعد معلوم ہو رہا ہے کہ 23اور24اکتوبر کو وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ہلکی برف اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔