ترال//سوموار کو ظاہر کئے گئے جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے بارہ ویں جماعت کے نتائج میں ترال،اونتی پورہ اور پانپور کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے ان تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کااظہار کیا ہے۔ دستیاب اعداد شمار کے مطابق ضلع میں پہلے نمبر مدرسہ تعلیم لاسلام ترال آیا ہے جس نے اس امتحان میں 100فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ادارے میں کل 35بچے زیر تعلیم تھے، جو بہترین فیصد نمبرات سے کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ ادارہ مولوی نور احمد ترالی کی سربراہی میں کام کر رہا تھا ،جو گزشتہ سال انتقال کر گئے۔اسی طرح دوسرے نمبر پر ہائر سکنڈری سکول پنجگام اونتی پورہ آیا ہے، جہاں 99فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ تیسرے نمبر پربائز ہائر سکنڈری سکول کھریو آیا ہے جہاں 96فیصدطلباء اس امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔اس دوران سکول کے پرنسپل پیر علی محمد مسعودی نے بتایاکہ انہوں نے کورونا لاک ڈائون کے باجود گھر گھر بچوں تک مطالعاتی مواد پہنچایا اور سبھی مضامین کے استاد بچوں کے ساتھ رابطے میں رہے اور آج یہ کامیابی اس محنت شاقہ کا ثمر ہے ۔انہوں نے تمام کامیاب بچوں اور سکول عملے کو مبارک باد پیش کی ۔ہائر سکنڈری سکول ٹکنہ گلزار پورہ کے94فیصد،گرلز ہائر سکنڈری سکول پانپورکے94فیصد، اسی طرح ایم ای آئی پانپور93فیصد،ہائر سکنڈری سکول ڈاڈسرہ92فیصد،حجااحد پبلک سکول اونتی پورہ90فیصد،گرلز ہائر سکنڈری سکول ترال89فیصد جس میں اسی ادارے میں زیر تعلیم ایک طالبہ صبا رفیق ساکنہ بوچھو ترال نے میڈیکل اسٹریم494نمبرات حاصل کر کے وادی میںچھٹی پوزیشن حاصل کی،منطقی میموریل وقف اونتی پورہ88فیصد ،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لرگام ترال86فیصد،گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول سانبورہ پانپور84فیصد،سکائی لائٹ ہائر سکنڈری سکول پانپورکے84فیصدطلباء کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔