عازم جان
بانڈی پورہ // بانڈی پورہ میں 12-12 کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ کو ایس کے اسٹیڈیم میں کھیلاگیا۔فائنل یونائیٹڈ کرکٹ کلب پلان اور حکیم کرکٹ کلب کنن کے درمیان کھیلا گیا۔فائنل یونائیٹڈ کرکٹ کلب پلان نے جیتا۔راجہ سلیم مین آف دی ٹورنامنٹ جبکہ عادل ظہور مین آف دی میچ قرار پائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر مہمان خصوصی تھے۔ ٹورنامنٹ بانڈی پورہ کرکٹ انیشی ایٹو کے تحت علی کی اسپورٹس اکیڈمی اور بانڈی پورہ یوتھ فیڈریشن نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔ایس کے اسٹیڈیم میں منعقدہ 12-12 کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع بانڈی پورہ بھر سے 48 ٹیموں نے حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان نے صحت مند طرز زندگی اور منشیات کی لعنت کو روکنے کے لیے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بھی فعال کردار ادا کرتے ہیں۔اپنے خطاب میں شکیل الرحمان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔انہوں نے نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے اور منشیات کی لت کے خاتمے میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔