سرینگر//نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ کا 39 واں یوم وصال 8ستمبر بروز بدھ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی نے ایک بیان میںکہا ہے کہ مرحوم کے مقبرہ واقع نسیم باغ حضرت بل میں فاتحہ خوانی کی جائے گی۔بیان کے مطابق پارٹی قیادت اور سینئر لیڈران کے علاوہ عہدیداران وکارکنان فاتحہ خوانی میں شرکت کریں گے۔ جموں اور لداخ میںبھی تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے جن میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ جموں میں شیر کشمیر بھون میں ایک تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں صوبہ جموں کے زعماء شیخ محمد عبداللہ کی سیاسی زندگی پر روشنی ڈالیں گے۔ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر پر جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں پیر کو ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ میٹنگ میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، ضلع صدر پیر آفاق احمد ، خواتین ، یوتھ اور اقلیتی ونگ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ساگر نے تمام لیڈران ،ضلع صدور، بلاک صدور ، یوتھ اور زنانہ ونگ کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ پروگرام کے مطابق مزار پر اپنی حاضری یقینی بنائیں لیکن اس دوران کووڈرہنما خطوط پر من و عن عمل کریں۔