سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو4سینئر کشمیر ایڈمنسٹریٹو افسران اور ایک ڈاکٹر سمیت 8ملازمین کی خدمات قبل از وقت ختم کر دیں، انکے خلاف بدعنوانی کے الزامات تھے۔ انتظامیہ سے "ڈیڈ ووڈ" ہٹانے کے عمل کے ایک حصے کے طور پر ان ملازمین کو نوکریوں سے قبل از وقت فوری طور پر برخواست کیا گیا ہے۔حکومت کا کہنا تھا کہ حکومت نے جموں و کشمیر سول سروس ریگولیشنز کے آرٹیکل 226 (2) کے تحت8ملازمین کی خدمات کو ختم کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ8 ملازمین کو تین ماہ کا نوٹس الاونس دیا گیا ہے۔ ان میں رویندر کمار بٹ(کے اے ایس)مشن ڈائریکٹر RUSA شامل ہیں۔ محمد قاسم وانی (کے اے ایس) ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ سرینگر، نور عالم(کے اے ایس))ڈپٹی سیکریٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ، محمد مجیب الرحمان گھاسی( کے اے ایس)فی الوقت معطل اور ڈاکٹر فیاض احمد بانڈے سابق بی ایم او(فی الوقت معطل ) کو قبل از وقت ریٹائر کردیا گیا ہے۔اسکے علاوہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے تین ملازمین غلام محی الدین (جونیئر اسسٹنٹ) I/C سپروائزر چٹھا اسٹور ہمو، ، راکیش کمار پرگال ( جونیئراسسٹنٹ) فی الحال معطل اور پرشوتم کمار پنچیری میں اسٹور کیپراودھمپور،اس وقت سپروائزر آر سی فلور ملز ادھم پور (ایف سی ایس اینڈ سی اے ڈیپارٹمنٹ )کے طور پر کام کر رہے ہیں، شامل ہیں۔جموں و کشمیر سول سروسز رولز جے کے سی ایس آرکی موجودہ شق کے مطابق حکومت کو کسی افسر/ اہلکار کی عمر 48 یا 22 سال مکمل کرنے کے بعد اس کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔ اس شق کو ایک حالیہ نوٹیفکیشن کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ جس میں جموں و کشمیر سول سروس ریگولیشنز کے آرٹیکل 226 (2) میں ترمیم کی گئی جس کے تحت انتظامیہ کو کسی بھی وقت ریٹائر ہونے کی اجازت دی گئی ہے جس میں 'ناکارہ، غیر موثر اہلکار اور ملازمین شامل ہیں۔ وہ لوگ جو 22 سال کی سروس مکمل کر چکے ہیں یا 48 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں اور عوامی مفاد میں جن کی دیانتداری مشکوک ہے۔ترمیم میں ہر محکمے میں ایک داخلی پینل کی تشکیل کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جس میں انتظامی سیکرٹری، متعلقہ محکمے کے سربراہ اور دو سینئر افسران شامل ہوں گے جنہیں انتظامی سیکرٹری نامزد کرے گا۔
دفترپر اینٹی کرپشن بیورو کا چھاپہFCI
منیجرسمیت 4ملازم رشوت لیتے ہوئے گرفتار
شوکت حمید
سرینگر//اینٹی کرپشن بیورو نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا شہید گنج سرینگر کے منیجر عبدالقیوم اور دیگر ملازمین کو ٹرک ا ن لوڈ کرنے کیلئے رشوت مانگنے پر گرفتار کیا۔ اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ ایف سی آئی ڈیپوسر ینگر کے ملازمین ٹرک سے چاول اتارنے اور اس کا چالان جاری کرنے میں غیر ضروری طور پر تاخیر کر رہے ہیں۔شکایت کنندہ نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیاشہید گنج سرینگرکے منیجر عبدالقیوم اور دیگر ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے اے سی بی سے رجوع کیا۔ شکایت موصول ہونے پر ایف آئی آر نمبر32/2021 زیر دفعہU/S 7 PC Act 1988 & 120 IPC درج کیا گیااور تفتیش شروع کی گئی۔ جس دوران تحقیقاتی ٹیم نے جال بچھا کر ایف سی آئی شہید گنج سرینگر کے منیجر عبدالقیوم اور 3دیگر اہلکاروں کو 1500 روپے رشوت کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ملزمان کو اے سی بی ٹیم نے گرفتار کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
۔6افسران کے تبادلے و تقرریاں
سرینگر/ِِبلال فرقانی/انتظامیہ نے جموں کشمیر انتظامی سروس کے کئی افسران کے تبادلے عمل میں لائے۔ جبکہ2پرائیوٹ سیکریٹریوں کو بھی تبدیل کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق عمومی انتظامی محکمہ میں اپنی تعیناتی کے منتظر جموں کشمیر انتظامی سروس افسر غلام محمد بٹ کو فوری طور پر دستیاب جگہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ(سنٹرل) کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت کشمیر نگہت عالم کو تبدیل کرکے اسسٹنٹ کمشنر پنچایت کے طور پر تعینات کیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پنچایت سرینگر دیبا خالد پیر کو تبدیل کرکے محکمہ سیاحت کشمیر میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز کرنے کے احکامات دیئے گئے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق محکمہ عمومی انتظامی میں اپنی تقرری کے منتظرکے اے ایس چاند کشور شرما کو محکمہ صحت و طبی تعلیم میں ایڈیشنل سیکریٹری کا قلمدان سونپا گیاہے۔ محکمہ فروغ ہنر میں پرائیوٹ سیکریٹری غلام محمد وگے کو تبدیل کرکے محکمہ آفات سماویٰ،باز آبادکاری،ریلیف و تعمیرنو کے سیکریٹری کے ساتھ تعینات کیا گیا۔ آرڈر کے مطابق محکمہ آفات سماویٰ،باز آبادکاری،ریلیف و تعمیرنو میں پرائیوٹ سیکریٹری مشروف سلطان گورو کو تبدیل کرکے محکمہ عمومی انتظامی میں مزید تقرری کیلئے انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکم نامہ کے مطابق سابق قانون ساز کونسل کے آرڈرلی اور محکمہ فروغ ہنر میں فی الوقت تعینات غلام محی الدین لون کو تبدیل کرکے محکمہ آفات سماویٰ،باز آبادکاری،ریلیف و تعمیرنو میں تعینات کیا گیا۔