نئی دہلی//پاکستان کی ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے ۔ پہلا میچ جمعہ کو بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگیا ۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بابر اعظم پریس کانفرنس سے خطاب کرنے آئے ۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے تبصرہ سے ناراض ہوکر بابر اعظم نے انہیں گھورنے والا رد عمل دیا ۔ سوشل میڈیا پر اس کا ایک ویڈیو کافی تیزی سے وائرل ہورہا ہے ۔ یہ پورا واقعہ پریس کانفرنس کے بعد پیش آیا۔ دراصل ایک صحافی کے سوال کو نظرانداز کرکے بابر اعظم پریس کانفرنس چھوڑ کر جانے لگے تھے ۔ بابر سے ناراض اس صحافی نے کہا : یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، یہ سوال کیلئے آپ کو اشارے کررہے ہیں ۔ اس کے بعد وہاں موجود ایک پاکستانی ٹیم کے ممبر نے مائیک بند کردیا ۔ بابر اعظم صحافی کو گھور کر دیکھنے لگے اور کچھ جواب دئے بغیر پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے ۔ بابر اعظم کا یہ رد عمل سوشل میڈیا پر کافی موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ روشنی کی وجہ سے بے نتیجہ رہا ۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز آٹھ وکٹ پر 311 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی، جس سے نیوزی لینڈ کو 15 اوورز میں جیت کیلئے 138 رنز کی ضرورت تھی ۔ نیوزی نے آٹھ اوورز میں ایک وکٹ پر 61 رنز بنالئے تھے ، لیکن تبھی خراب روشنی کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑ گیا ۔ بتادیں کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم ان دنوں زبردست فارم میں چل رہے ہیں ۔ ان کی شاندار کارکردگی نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں بھی نظر آرہی ہے ۔