جموں//ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ادھیوگ بھون جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یوم جمہوریہ 2019ء کے حوالے سے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ڈی جی پولیس ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، پرنسپل سیکرٹری خاطر تواضع ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی / سیکورٹی ، اِنتظامی سیکرٹریز ، صوبائی کمشنر جموں اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ صوبائی کمشنر کشمیر اور آئی جی پی کشمیر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر جموں نے سپورٹس گرائونڈ جموں یورنیورسٹی میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب کے انعقاد کیلئے اِنتظامات کی مکمل تفصیلات پیش کیں ۔اس تقریب میں ریاست کے گورنر قومی پرچم لہر اکر مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے جبکہ مختلف تمدنی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔میٹنگ میں سیکورٹی اِنتظامات ، ٹرانسپورٹیشن ، پارکنگ ، صفائی و ستھرائی ،مہمانوں کے لئے قیام و طعام اور دیگر لازمی خدمات سمیت میڈیا سے وابستہ افراد کی سہولیت کے لئے درکار اِنتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ چیف سیکرٹری نے سول اور پولیس اِنتظامیہ کو باہمی تال میل سے کام کر کے 21؍ جنوری تک تمام اِنتظامات کو مکمل کرنے کے احکامات دئیے ۔24؍ جنوری کو دونوں صوبوں میں فُل ڈریس ریہرسل تقریبات کا اِنعقاد ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے یوم جمہوریہ کی تقریبات سے متعلق اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اہم سرکاری عمارات اور دیگر مخصوص مقامات پر چراغاں کیاجانا چاہیئے اور جموں یونیورسٹی کے کیمپس میں ایک مخصوص کنٹرول روم کے علاوہ یونیورسٹی کی میڈیکل ڈسپنسری کو بھی کھلارکھا جانا چاہیئے ۔ اُنہوں نے محکمہ ٹریفک کو 26؍ جنوری کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے کے بھی احکامات دئیے۔سری نگر میں سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگی ۔ یہاں گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی قومی پرچم لہرائیں گے ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے سری نگر میں تقریب کے اِنعقاد کے حوالے سے اِنتظامات کا خلاصہ پیش کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ اُس دِن موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم امکانی برفباری کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے برف ہٹانے والی دو مشینوں کو بھی دستیاب کرایا جائے گا۔لیہہ اور کرگل میں چیف ایگزیکٹیو کونسلراں قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ خطے میں دیگر مقامات پر تقریبات کے انعقاد کے لئے اِنتظامات کرائے جارہے ہیں۔جی اے ڈی محکمہ کو یوم جمہوریہ ہندتقریبات کے سلسلے میں لیزان افسران تعینات کرنے کے احکامات دئیے گئے جبکہ یوم جمہوریہ تقریبات میں تمام سرکاری ملازمین کی شمولیت کے حوالے سے سرکیولر بھی جاری کیا جائے گا ۔صوبائی کمشنروں کومارچ پاسٹ اور تمدنی پروگراموں کے بہترین دستوں کو چننے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے کے احکامات دئیے گئے۔میٹنگ میں گورنر کی طرف سے دئیے جانے والے ایٹ ہوم اور 29؍ جنوری کو بیٹنگ ریٹریٹ تقریبات کے لئے بھی اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔